دشمن کو اپنے کئے پر پیشمان ہونا پڑے گا۔ جنرل باقری
ایران کی مسلح افواج کے کمانڈر میجر جنرل محمد حسین باقری نے کہا ہے کہ ملت ایران کے خلاف کسی بھی سطح کی دھمکی یا جارحیت کا ایسا منہ توڑ جواب دیا جائے گا کہ دشمن کو اپنے کئے پر پشیمان ہونا پڑے گا۔
امریکی حکمراں ٹولے کے ایران مخالف جنگ پسندانہ بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسلح افواج کے کمانڈر جنرل محمد حسین باقری کا کہنا تھا کہ ملک کی مسلح افواج ہر طرح کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے انتباہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ امریکہ کو دھمکیاں نہ دی جائیں کیونکہ اس کا بھاری تاوان ادا کرنا پڑے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے روز اپنے خطاب میں کہا تھا کہ امریکی صدر کو معلوم ہونا چاہیے کہ پوری تاریخ میں ایران ہی ایسا ملک ہے جو آبنائے ہرمز کی سیکورٹی کا ضامن رہا ہے لہذا تم شیر کے دم سے نہ کھیلو کیونکہ ایران کے جوابی اقدامات پر تمہیں اپنے کئے پر پیشمان ہونا پڑے گا۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد حسین باقری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کے عوام اور مسلح افواج کی حیرت انگیز طاقت کے ہوتے ہوئے امریکی صدر کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا۔
میجر جنرل محمد حسین باقری نے امریکہ کے صدر کی خام خیالی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی دباؤ کے ذریعے ملت ایران کی صفوں میں ہرگز انتشار پیدا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام اپنے دشمنوں اور خاص طور سے امریکہ و صیہونی حکومت کے مقابلے میں باہمی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کر کے دشمنوں کی تمام سازشوں کو بناتے چلے آئے ہیں۔
ایران کی مسلح افواج کے کمانڈر نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران نے آج تک کوئی جنگ شروع نہیں کی ہے بلکہ ایران خطے میں امن اور استحکام کا عملبردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر تسلط رکھنے والے ملک کی حیثیت سے بھی ایران نے ہمیشہ عالمی معیشت کی اس شہ رگ حیات میں جہاز رانی کا تحفظ کیا ہے اور وہ اس علاقے میں کسی بھی اقدام کی پوری پوری طاقت بھی رکھتا ہے۔