ایران و پاکستان کی جانب سے مسجد امام زمان (عج) پر خودکش حملے کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران نے افغانستان کے صوبے پکتیا میں گزشتہ روز مسجدامام زمان (عج) پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے.
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں افغان صوبے پکتیا کے دارالحکومت گردیز میں واقع مسجدامام زمان (عج ) پر گزشتہ روز کے خودکش حملے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان پر مسلط کی جانی والی دہشتگردی کا اصل مقصد افغان قوم کے درمیان تفرقہ ڈالنا اور ملک کو طویل بدامنی کا شکار کرنا ہے.
بہرام قاسمی نے کہا کہ افغان عوام کے اتحاد اور ہوشیاری سے ہی ان کے خلاف دہشتگردوں کی سازشیں ناکام ہوں گی۔
ادھرپاکستان نے بھی پکتیا کے شہر گردیز کی مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے کی مذمت کی اور انسانی جانوں کے ضیا ع پر افسوس کا اظہار کیا ۔
واضح رہے کہ کل دو دہشتگردوں کی جانب سےمسجد امام زمان(عج) میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 31 افراد شہید اور81 زخمی ہوگئے.اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی، طالبان نے کہا ہے کہ وہ اس حملے میں ملوث نہیں ہے تاہم بدنام زمانہ داعش کے دہشتگرد ماضی میں اس طرح کے حملے کرتے رہے ہیں