حماقت کی تو تل ابیب کو مٹی کے ڈھیر میں تبدیل کردیں گے، خطیب نماز جمعہ تہران
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ اگر امریکا اور اسرائیل نے ذرا سی بھی حماقت کی تو استقامتی محاذ کے ہزاروں میزائل تل ابیب کو مٹی کے ڈھیر میں تبدیل کردیں گے۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ محمد علی موحدی کرمانی نے کہا ہے کہ امریکا، ہر قیمت پر صیہونی حکومت کو سیکورٹی فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا اگر امریکا اور اسرائیل نے ذرا سی بھی حماقت کیکی تو وہ پچھتائیں گے اور استقامتی محاذ کے ہزاروں میزائل تل ابیب کو مٹی کے ڈھیر میں تبدیل کردیں گے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے اس ہفتے نماز کے خطبوں میں رہبرانقلاب اسلامی کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہ کوئی جنگ نہیں ہوگی کیونکہ امریکیوں کو معلوم ہے کہ جنگ سے سو فیصد امریکا کو ہی نقصان ہوگا کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی توانائی وہ اہم محرک ہے جو امریکا کو ایران سے جنگ کرنے سے روکے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا مغربی ایشیا کے علاقے میں اپنے مفادات کے درپئے ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ امریکی حکومت نے ایٹمی معاہدے میں ثابت کردیا کہ اس پراعتماد نہیں کیا جاسکتا اور امریکا سے مذاکرات نہیں کئے جاسکتے۔
آیت اللہ موحدی کرمانی نے کہاکہ امریکا اور مغربی ممالک انقلاب مخالف دہشت گرد گروہ کے ساتھ مل کر یہ سمجھ رہے ہیں کہ اسلامی جمہوری نظام کو نقصان پہنچادیں گے لیکن وہ اپنی یہ آرزو قبر میں لے کر جائیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ ایران کے عوام اسلامی انقلاب کے تئیں پوری طرح وفادار ہیں اور اس کے دفاع کے لئے ہروقت آمادہ ہیں۔