Aug ۲۶, ۲۰۱۸ ۲۱:۰۱ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیردفاع کا دورہ دمشق

ایران کے وزیردفاع نے دمشق میں شام کے وزیردفاع سے ملاقات میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام کی ارضی سالمیت کے تحفظ کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا کیونکہ شام میں امن و سلامتی سے پورے خطے کی سلامتی کو مدد ملے گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع امیر حاتمی نے اتوار کو شامی وزیردفاع  علی ایوب سے ملاقات میں کہا کہ شام سے دہشت گـردوں کا خاتمہ علاقے کی سلامتی کے لئے اہم ہے اور نتیجے میں اغیار کی مداخلت کا بہانہ بھی ختم ہوجائےگا۔

ایرانی وزیردفاع نے کہا کہ خطے سے باہر کے ممالک تفرقہ پھیلانے اور شام میں بدامنی کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران شام میں امن و استحکام کی برقراری کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔

شام کے وزیردفاع نے بھی اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ اگر ایرانی دوستوں کا تعاون نہ ہوتا تو شام اکیلے دہشت گردوں پر فتح حاصل نہیں کرسکتا تھا کہا کہ ایران اور شام کے دوطرفہ تعلقات وسیع پیمانے اور مستحکم انداز میں برقرار ہیں اور دونوں ہی ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

شام کے وزیردفاع علی ایوب نے کہاکہ دہشت گردوں کے مقابلے میں نصیب ہونے والی فتوحات سے دشمن اور ان میں سرفہرست امریکا اور اسرائیل کو سخت پریشانی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع دو روزہ سرکاری دورے پر اتوار کو دمشق پہنچے ہیں جہاں ہوائی اڈے پر شامی شخصیات نے ان کا خیر مقدم کیا۔

ٹیگس