Aug ۲۸, ۲۰۱۸ ۱۴:۳۵ Asia/Tehran
  • پارلیمنٹ میں ممبران کے سوالوں کا صدر کی جانب سے جواب

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے دشمنوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے سبھی ادارے منجملہ مجریہ، مقننہ، عدلیہ اور مسلح افواج پوری طرح متحد ہیں اور ایران کی حکومت امریکی سازشوں کو ناکام بنا دے گی۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے پارلیمنٹ میں بعض اراکین کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ پارلیمنٹ میں سوالوں کا جواب دینا اسلامی جمہوری نظام کے حکام کے لئے بہترین نقطہ قوت ہے-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی، اقتصادی مسائل پر بعض اراکین پارلیمنٹ کے سوالوں کا جواب دینے کے لئے منگل کو ایوان میں حاضر ہوئے- انہوں نے بعض ممبران کے ان سوالوں اور خدشات کے جواب دیئے کہ حکومت اشیا اور فارن کرنسی کی اسمگلنک کو کنٹرول  کرنے، بینکنگ کے شعبے میں پابندیوں کو ختم کرا پانے، بے روزگاری کی شرح کم کرنے اور غیر ملکی کرنسی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے پر قابو پانے میں کیوں کامیاب نہیں رہی، تفصیل کے ساتھ جواب دیا-

صدر مملکت نے پارلیمنٹ میں سوال و جواب کے کھلے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی یہ نہیں سمجھتا کہ صدر کا پارلیمنٹ میں آکر جواب دینا کوئی  نقص یا کمزوری ہے بلکہ سبھی حکام اور  عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ اپنے فرائض اور قانون کے دائرے میں جواب دیں-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے باشرف عوام، پوری دنیا میں ایران کے دوستوں اور اسی طرح دنیا میں جہاں بھی ایران کے دشمن ہیں وہ یہ نہ سمجھیں کہ آج ایران کی حکومت اور پارلیمنٹ میں کسی طرح کے ٹکراؤ کا کوئی عمل شروع ہوا ہے-

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ حکومت اور پارلیمنٹ کے کاندھوں پر ایک بڑے مقصد کی ذمہ داری ہے اور دونوں ہی ادارے قدم سے قدم ملا کر اس مقصد کو حاصل کریں گے- انہوں نے صراحت کے ساتھ کہا کہ عوام کو یہ حق ہے کہ وہ ہم سے سوال کریں-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ آج ان کے لئے یہ سوال سب سے اہم ہے کہ ایسا کیا ہو گیا کہ عوام اپنے مستقبل اور اپنے ملک کے بارے میں تشویش میں مبتلا ہیں- صدر مملکت نے کہا کہ عوام کے سامنے ان مسائل کی وضاحت ہونی چاہئے اور انہیں مطمئن کرنے کی ضرورت ہے کہ ساری مشکلات رہبر انقلاب اسلامی کی مدبرانہ قیادت و رہنمائی اور مجریہ، مقننہ، عدلیہ اور مسلح افواج کی ہم آہنگی اور تعاون سے حل ہو جائیں گی-

انہوں نے ایران کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی حکومت امریکی سازشوں کو ناکام بنانے کی پوری کوشش کرے گی- صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی حکام اس فکر میں نہ رہیں کہ پارلیمنٹ کا آج کا اجلاس ختم ہونے کے بعد انہیں بغلیں بجانے اور خوش ہونے کا کوئی موقع مل جائے گا اس لئے کہ ایسا ہرگز نہیں ہے، بلکہ انہیں یہ جان لینا چاہئے کہ وہ آج ایران کی پارلیمنٹ کے اجلاس کے بعد سخت صدمے سے دوچار ہو جائیں گے کیونکہ آج کے اجلاس کے بعد مجریہ، مقننہ، عدلیہ اور رہبر انقلاب اسلامی کی نگرانی اور نظارت میں کام کرنے والی مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی اور اتحاد پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہو کر سامنے آئے گا-

 

 

ٹیگس