نفسیاتی اور اقتصادی جنگ کو ناکام بنانے پر تاکید
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اسلامی انقلاب کے دشمنوں نے ایران کے عوام اور اسلامی جمہوری نظام کے خلاف نفسیاتی اور اقتصادی جنگ ایک ساتھ چھیڑ رکھی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کی شام ثقافتی انقلاب کی اعلی کونسل کے اجلاس سے خطاب کے دوران ایرانی عوام کے خلاف امریکا کی ظالمانہ پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مکمل شعور و آگاہی، امید و حوصلے اور عوام کی مدد سے بہت تیزی کے ساتھ ان مشکلات پر غلبہ پالے گا-
انہوں نے ایرانی عوام کی مذہبی اور دینی ثقافت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عوام خود کوسبھی ثقافتی یلغاروں منجملہ مغرب کی ثقافتی یلغار سے محفوظ رکھیں گے-
ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتۂ حکومت کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری عوام کی خدمت کے سوا اور کچھ بھی نہیں ہے اور وہ شہید رجائی اور شہید باہنر کے ہی راستے پر گامزن ہے اور اپنے انقلابی اور ملی فرائض کو انجام دے رہی ہے-
واضح رہے کہ تیس اگست انیس سو اکیاسی کو اس وقت کے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر محمد علی رجائی اور وزیراعظم محمد جواد باہنر کو منافقین کے دہشت گرد گروہ کے عناصر نے شہید کر دیا تھا اسی مناسبت سے ہر سال چوبیس سے تیس اگست تک ایران میں ہفتۂ حکومت منایا جاتا ہے-