ایران کے سلسلے میں امریکہ کی اسٹریٹجی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، سید رحیم صفوی
مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کے اعلی مشیر میجر جنرل سید رحیم صفوی نے کہا ہے کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے اب تک اسلامی جمہوریہ ایران کے سلسلے میں امریکہ کی مجموعی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
انھوں نے اتوار کو ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے میں ایک بیان میں ایرانی قوم کے خلاف امریکہ کی اققتصادی و نفسیاتی جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی لابیوں اور صیہونی حلقوں کے زیراثر امریکہ کی پالیسیوں میں ایران کے سلسلے میں کسی بھی طرح کی تبدیلی کا مشاہدہ نہیں کیا گیا ہے۔
مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کے اعلی مشیر میجر جنرل سید رحیم صفوی نے کہا کہ امریکہ کی پالیسیوں میں صیہونی لابیوں کا اثر ہوتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ گذشتہ چالیس برسوں کے دوران امریکہ کی کوئی بھی ایران مخالف پالیسی کامیاب واقع نہں ہوئی ہے جبکہ ایران نے مختلف شعبوں میں امریکہ کو شکست دی ہے اور عالمی سطح پر اس کی یکطرفہ پسندی کو بھی شکست ہو گی۔
سید رحیم صفوی نے کہا کہ دنیا کثیر قطبی رجحان کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ معاشی استقامت، امریکہ کی اقتصادی جنگ کو ناکام بنانے کا بہترین ذریعہ ہے۔