Nov ۰۱, ۲۰۱۸ ۱۰:۰۵ Asia/Tehran
  • ایران و پاکستان کے مابین دو طرفہ تعاون بڑھانے پراتفاق

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ اورپاکستان کےوزیراعظم کے مابین ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پراتفاق ہوا ہے۔

پاکستانی وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

اس موقع پرپاکستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر اور مضبوط بنانا ترجیحات میں شامل ہے۔

عمران خان نے مسلم ممالک کے درمیان جاری تنازعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یمن تنازع حل کے لیے مصالحتی کردار ادا کرنے کی پیش کش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک میں عدم اتحاد کے باعث یمن کے عوام انسانی المیے کا شکار ہو رہے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ اگر تمام متعلقہ فریقین رضامند ہوں تو مصالحتی کا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔

اس سے قبل ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، سیکورٹی کے مسائل خاص طور سے ایران کے اغوا شدہ سرحدی محافظوں کے بارے میں گفتگو کی۔ جبکہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے  ایران کے وزیر خارجہ نےکہا کہ پاکستانی حکام نے دہشت گردوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے ایرانی اہلکاروں کو بازیاب کرانے کا وعدہ کیا تھا اور کہا تھا کہ اس سلسلے میں کسی کوشش سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔

انھوں نے کہا کہ ایرانی سرحدی محافظوں کی رہائی کے بارے میں پاکستانی حکام سے مسلسل گفتگو کا سلسلہ جاری رکھے جانے کی ضرورت ہے تاکہ یہ ایرانی سیکورٹی اہلکار اپنے وطن واپس لوٹ سکیں۔

ٹیگس