ایران کی جانب سے بحرینی رہنما شیخ علی کی سزا کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران نے بحرین کی اپیلٹ کورٹ کی جانب سے نامور اپوزیشن رہنما اور الوفاق تحریک کے سیکریٹری جنرل شیخ علی سلمان کو عمر قید کی سزا دینے کی مذمت کی ہے.
اسلامی جمہوریہ ایران کے ترجمان دفترخارجہ بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں شیخ علی سلمان سمیت تین بحرینی اپوزیشن رہنماؤں کو عمر قید کی سزا سے متعلق بحرینی عدالت کے فیصلے کی مذمت کی ہے.انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے دنیا پر یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ بحرینی حکام مسائل کا پُرامن حل نہیں چاہتے بلکہ وہ صورتحال کو مزید گھمبیر بنانے اور امن پسندوں پر کریک ڈاون جاری رکھنے کے خواہاں ہیں.
بہرام قاسمی نے بحرینی حکومت کو تجویز دی کہ وہ اغیار پر انحصار کرنے کے بجائے اپوزیشن کے ساتھ سنجیدگی سے مذاکرات کرے. انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بحرین اپنے عوام کے مطالبات پر غور کرتے ہوئے ان کے خلاف غیرمنصفانہ فیصلے اور احکامات سے گریز کرے.
یاد رہے کہ بحرینی کورٹ نے گزشتہ روز ملک کی بڑی اپوزیشن جماعت الوفاق تحریک کے سربراہ شیخ علی سلمان کی بریت کے حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انھیں عمر قید کی ساز سنائی.اس کے علاوہ سابق بحرینی پارلیمنٹ کے اراکین حسن سلطان اور علی الاسود کو بھی عمر قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں.