ایران سمیت دنیا بھرمیں آٹھویں درخشان ستارے کے یوم شہادت کا غم
ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں جمعرات کو فرزند رسول حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے فرزند رسولۖ اور شیعیان جہان کے آٹھویں امام، حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ الصلوات و السلام کے یوم شہادت پر ایران بھر میں آج عام تعطیل ہے اور ملک کے سب ہی شہروں اور قریوں میں مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں اور جلوس ہائے عزا برآمد کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
جنوب مشرقی ایران کے شہر مشہد مقدس میں، جہاں حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کا روضہ انور واقع ہے، چالیس لاکھ سے زائد عزادار بارگاہ رضوی میں اشک غم بہا رہے ہیں اور عزاداری کر رہے ہیں۔
مشہد الرضا پہنچنے والے زائرین میں پاکستان، ہندوستان، عراق، شام اور دیگر ممالک سے آنے والے زائرین کی بھی بڑی تعداد موجود ہے جبکہ ایران کے دور دراز اور قرب و جوار کے شہروں سے بھی تین لاکھ سے زائد زائرین پیدل سفر کر کے بارگاہ رضوی تک پہنچے تھے۔ بارگاہ رضوی کی جانب آنے والے تمام راستے عزاداروں سے مملو ہیں اور سیاہ پوش عزادار ماتمی دستوں کی شکل میں بڑے منظم انداز میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے حرم مطہر کے مختلف صحنوں میں داخل ہو رہے ہیں۔
مشہد مقدس سے ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ حرم رضوی کی تمام راہداریاں اور سارے ہال عزاداروں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ہیں اور لوگ نوحہ و ماتم اور دعا و مناجات الہی میں مشغول ہیں۔
قم المقدسہ میں امام رضا علیہ السلام کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا اور شیراز میں آپ کے بھائی کے روضوں پر بھی عزاداروں کا جم غفیر ہے اور آپ کو آپ کے برادر بزرگوار حضرت امام رضا علیہ السلام کی شہادت کا پرسہ دے رہے ہیں۔
قم المقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ اقدس میں ہزاروں کی تعداد میں عزادار موجود ہیں اور ہر طرف سے نوحہ و ماتم کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔
تہران اوراس کے جڑواں شہر رے میں بھی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے اور جلوس ہائے عزا برآمد کیے جا رہے ہیں جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے مختلف امام بارگاہوں اور ان شہروں میں واقع اہلبیت اطہار علیھم السلام کی برگزیدہ ہستیوں کے روضوں پر پہنچ کر ختم ہو رہے ہیں۔ عزاداری کا یہ سلسلہ رات گئے تک جاری رہتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران میں اٹھائیس صفر کو حضرت رسول خدا (ص) کا یوم رحلت اور آپ کے سبط اکبر حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کا یوم شہادت جبکہ صفر کی آخری تاریخ کو آفتاب امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کا یوم شہادت منایا جاتا ہے۔