انسداد مالی بدعنوانی کیلئے اجتماعی تعاون کی ضرورت
کاظم غریب آبادی نے اپنے خطاب میں اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے مالی جرائم کی روک تھام ،مالی بدعنوانی میں ملوث مجرموں کو تحویل دینے اور بدعنوانی کے خلاف اٹھانے جانے والے موثر اقدامات پر روشنی ڈالی ۔
ویانا میں قائم عالمی اداروں میں متعین ایران کے مندوب کاظم غریب آبادی نے اینٹی کرپشن کے عالمی کنونشن کے ورکنگ گروپ کے دوسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دنیا کے ممالک سے مطالبہ کیا کہ مالی بدعنوانی کی روک تھام کے لئے عالمی سطح پر اجتماعی تعاون کو فروغ دیں.اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اینٹی کرپشن کنونشن اور اس سے متعلق میکنزم کے اجرا کو بڑی اہمیت دیتا ہے.
انہوں نے کنونشن کے رکن ممالک پر زور دیا کہ اس معاہدے کے نفاذ کے لئے اپنے وعدوں پر قائم رہیں جس کا مشترکہ مقصد بدعنوانی کی روک تھام ہے.
کاظم غریب آبادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران مالی بدعنوانی کے خلاف اقدامات میں وسیع تجربہ رکھتا ہے اور اس نے اس میدان میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں لہذا ہم اپنے ان تجربات کے دوسروں سے تبادلے کے لئے بھی آمادہ ہیں.
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کے کنونشن پر 2003ء میں میکسیکو میں دستخط کئے گئے جس کے بعد ہر سال دنیا بھر میں 9 دسمبر کو انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے.اسلامی جمہوریہ ایران نے 2008 میں عالمی اینٹی کرپشن کنونشن کی توثیق کرتے ہوئے اسے ملکی قوانین میں شامل کردیا.