ایران کے صدر سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اپنے ترک ہم منصب کی باضابطہ دعوت پر سرکاری دورے کے سلسلے میں ترکی کے دارالحکومت انقرہ پہنچ گئے.
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے دورے کا مقصد ایران اور ترکی کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کی سپریم کونسل کے پانچویں اجلاس میں شرکت کرنا ہے۔
انقرہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے کے بعد ترک وزیر توانائی نے صدر ایران اور ان کے ہمراہ اعلی حکام کا استقبال کیا۔ ایرانی صدر کے وفد میں وزرائے خارجہ، تیل، صنعت و تجارت، خزانہ، توانائی، صدارتی چیف آف اسٹاف اور ایران کے ایوان صنعت و تجارت کے عہدیدار شامل ہیں ۔ اس دورے کے موقع پر ایران اور ترکی سیاسی، معاشی اور ثقافتی شعبوں سے متعلق اہم دستاویزات پر دستخط بھی کریں گے۔
ترکی کے دورے پر روانگی سے پہلے صدر حسن روحانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایران پر امریکی پابندیوں کے خلاف ترک حکومت بالخصوص صدر رجب طیب اردوغان کے تعمیری مؤقف کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور ترکی خطے کے اہم اور اثر و رسوخ رکھنے والے برادر ممالک ہیں۔