ایران کے اعلی سیکورٹی عہدیدار کی افغان صدر سے ملاقات
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے کابل میں افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی کے ساتھ ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
کابل کے ایوان صدر میں ہونے والی اس ملاقات میں علی شمخانی نے کہا کہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہے۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے تہران اور کابل کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور تعلیمی تعلقات کے فروغ نیز دفاعی، فوجی اور سیکورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہون نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران افغانستان کی سیکورٹی اور سلامتی کو اپنی سیکورٹی اور سلامتی سمجھتا ہے۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے افغانستان سے امریکی فوج کے مجوزہ انخلا کو افغان سیکورٹی اداروں اور فوج کو مضبوط اور اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کا سنہری موقع قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے عوام امریکی فوج کا مکمل انخلا چاہتے ہیں کیونکہ امریکی فوج کی موجودگی کا، جنگ اور بدامنی کا سوا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔
افغان صدر اشرف غنی نے اس موقع پر افغانستان میں ایران کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان سیکورٹی اور انٹیلی جینس تعاون کے فروغ کو ضروری قرار دیا۔
افغانستان کے صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ، منظم جرائم کی روک تھام اور انسداد منشیات کے حوالے سے مشترکہ میکنیزم کی تیاری اور سیکورٹی اور انٹیلی جینس اداروں کے درمیان تعاون کی ضرورت ہے۔