Oct ۲۳, ۲۰۲۲ ۱۶:۴۸ Asia/Tehran
  • اشرف غنی کے علاوہ تمام افغان شخصیات واپس آسکتی ہیں، طالبان

افغان شخصیات کے ساتھ طالبان کے رابطہ کمیشن کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ اشرف غنی کے علاوہ تمام افغان شخصیات افغانستان واپس آسکتی ہیں۔

آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغان شخصیات کے ساتھ طالبان کے رابطہ کمیشن کے ترجمان احمد اللہ وثیق نے کہا ہے کہ افغانستان کے سابق صدر اشرف غنی کو چھوڑ کر تمام افغان شخصیات کے ساتھ رابطہ برقرار کر کے انھیں وطن واپس لوٹ آنے کی دعوت دی گئی ہے۔
اس ترجمان نے کہا کہ یہ رابطہ طالبان رہنما کی ہدایت پر برقرار کیا گیا ہے اور جب تک بیرون ملک افغان شخصیات موجود ہیں انھیں وطن واپس لانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔
اس ترجمان کے مطابق رابطہ کمیشن تشکیل دیئے جانے کے بعد سے اب تک تین سو ستر افغان شخصیات ملک واپس آچکی ہیں جن میں وزرا، پارلیمانی اراکین اور دیگر نمایاں سیاسی شخصیات شامل ہیں۔
اس سے قبل اس کمیشن کے سربراہ شہاب الدین دلاور نے ایک نشست میں تاکید کی تھی کہ افغانستان میں طالبان انتظامیہ اپنے ملک کے سابق حکام کو سیکورٹی کی ضمانت دیتی ہے جبکہ ان شخصیات کے جائز مطالبات بھی پورے کئے جائیں گے۔
طالبان نے اسی طرح ان شخصیات کے تجربات اور صلاحیتوں سے استفادہ کئے جانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

ٹیگس