Jan ۰۴, ۲۰۱۹ ۲۰:۰۷ Asia/Tehran
  • ایران علاقے کے ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا خواہاں، بہرام قاسمی

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران علاقے کے تمام ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے اور وہ علاقے کے ملکوں کے تعلقات میں یکجہتی، تعلقات کی توسیع اور اختلافات میں کمی لائے جانے میں تعاون کر رہا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران کی ریڈیو ٹی وی نیوز ایجنسی کے ساتھ خصوصی گفتگو میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے علاقے کے مختلف ملکوں کے آئندہ دورے کے بارے میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پڑوسی اور علاقے کے ملکوں کو مثبت اور پرامن بقائے باہمی نیز علاقے میں امن و استحکام کے قیام کی کوشش کی نظر سے دیکھتا ہے۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو حالیہ برسوں کے دوران خصوصی طور پر اہمیت دی جاتی رہی ہے اور پڑوسی اور علاقے کے تمام ملکوں کے ساتھ تعلقات کی توسیع ایران کی طویل مدت اور دائمی پالیسی کا حصہ ہے۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ علاقے کے مسائل کے شعبے میں ایران کا کارنامہ درخشاں رہا ہے اور ایران نے پڑوسی اور علاقے کے ملکوں کی حیثیت سے عراق، شام اور یہاں تک کہ یمن میں امن و استحکام کے قیام اور امن کی بحالی میں ان ملکوں کے ساتھ بھرپور تعاون و کوشش کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ شام کی صورت حال اب ایسی ہے کہ سب پانچ چھے برس قبل کے ایران کے ان مواقف پر آگئے ہیں کہ جن پر وہ یقین ہی نہیں رکھتے تھے اور اب شام کے مسئلے اور دہشت گردی کے سلسلے میں مختلف ملکوں کے مواقف پر سنجیدگی سے نظرثانی کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، ہمہ جہتی تعاون کی توسیع کے مقصد سے عنقریب ہندوستان اور اس کے بعد عراق کا دورہ کریں گے۔

ٹیگس