یورپی یونین ہالینڈ کے خلاف ایکشن لے: ایران
ایرانی پارلیمنٹ کے سنیئر رکن نے کہا ہے کہ ہالینڈ دہشت گرد عناصر کی مالی حمایت اور ان کی پشت پناہی کرتا ہے لہذا ہمیں توقع ہے کہ یورپی یونین اس کے خلاف ایکشن لے گی ۔
رکن پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی علامہ مجتبی ذوالنور نے میڈیا سے گفتگو میں ایران مخالف ڈچ حکومت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ ایران - یورپ مشترکہ مفادات کے تحت ہالینڈ کے خلاف ایکشن لے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اصولی طور پر اگر کوئی ایران دشمن گروہ کا ایک بھی دہشت گرد ہالینڈ میں داخل ہو تو وہاں کی حکومت کو چاہئے کہ اسے ایران کے حوالے کرے مگر یہاں ایسا نہیں ہوا ۔
سنیئر رکن ایرانی پارلیمنٹ نے کہا کہ ہالینڈ کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں اور نہ ہی ایران کسی دہشت گرد حملے میں ملوث رہا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی ہمیں اس حوالے سے باتیں چھپانے کی ضرورت ہے ۔
علامہ ذوالنور نے کہا کہ ہالینڈ یورپی یونین کا رکن ملک ہے، لہذا ہمیں توقع ہے کہ یورپی یونین اس کے خلاف ایکشن لے گی دوسری صورت میں یہ سلسلہ جاری رہا تو اس کا نقصان ایران - یورپ تعلقات پر مرتب ہوگا۔
واضح رہے کہ ڈچ وزیر خارجہ نے گزشتہ دنوں ایران پر ہالینڈ کے دو شہریوں کے قتل کا بے بنیاد الزام لگایا تھا۔ ایران نے اس کے ردعمل میں یورپی یونین اور ڈچ حکومت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین دہشت گردی سے متعلق دہرا معیار اپنایا ہوا ہے۔