گوربا چیف کے نام امام خمینی کے خط کو تیس سال
اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے حرم کے متولی نے کہا ہے کہ امام خمینی نے سابق سویت یونین کے اس وقت کے رہنما گوربا چیف کو خط لکھ کر گفت و شنید کا راستہ دکھایا اور یہ خط پوری تاریخ کو ایک انتباہ ہے کہ جو بھی اللہ اور معنویت سے جدا ہو گا وہ گمراہ ہو جائے گا۔
سابق سویت یونین کے اس وقت کے رہنما گوربا چف کے نام امام خمینی کے خط کو ارسال کئے جانے کے واقعے کو تیس سال پورے ہونے کی مناسبت سے مصلح شرق کے زیرعنوان منعقدہ ایک سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام سید حسن خمینی نے کہا کہ سویت یونین موجودہ نسل کے لئے اب ایک تاریخی نام رہ گیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ سویت یونین اپنے دور میں ایک سپر طاقت تھی-
ان کا کہنا تھا کہ امام خمینی نے گوربا چف کے نام خط میں صحیح اور غلط راستے کی نشاندہی کرنا چاہی تھی وہ چاہتے تھے کہ مشرقی بلاک کو صحیح راستے پر لے آئیں-
امام خمینی نے انیس سو نواسی کے ابتدائی ایام میں سابق سویت یونین کے آخری رہنما میخائل گوربا چف کے نام اپنے تاریخی اور یادگار خط میں لکھا تھا کہ کمیونزم کی ہڈیاں چٹخنے کی آواز سنائی دے رہی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ مغرب پر انحصار ختم کیا جائے-
حجت الاسلام سید حسن خمینی نے کہا کہ اس وقت لوگ کہتے تھے کہ وارسا پیکٹ ختم ہو گیا ہے اور آج ایک نیا وارسا ایرانی عوام کے سامنے ہے اور یقینی طور پر اس کو بھی شکست ہو گی-
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیئو نے کہا ہے کہ وہ آئندہ تیرہ اور چودہ فروری کو پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں ایران کے خلاف ایک اجلاس تشکیل دینے والے ہیں۔