Jan ۲۶, ۲۰۱۹ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
  • ایرانی بری فوج کی سالانہ مشقیں کامیابی کے ساتھ ختم

ایرانی بری فوج کی اقتدار ستانوے فوجی مشقیں ختم ہوگئیں ہیں اور اس کے اہداف کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیے گئے۔

اقتدار ستانوے فوجی مشقوں کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل نوذر نعمتی نے مشقوں کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان مشقوں کے تمام تر اہداف کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیے گئے۔
انہوں نے فوجی مشقوں کے دوسرے اور آخری دن بری فوج کے تمام یونٹوں نے پوری ہم آہنگی کے ساتھ فرضی دشمن کے خلاف زمینی جنگ میں حصہ لیا اور طے شدہ اہداف تک رسائی حاصل کی۔
انہوں نے بتایا کہ اقتدار ستانوے فوجی مشقوں کے دوران بری فوج نے فرضی دشمن کا پیچھا کیا اور اس کے تمام ٹھکانوں اور سامان حرب کو تباہ کردیا۔
فوجی مشقوں کے ترجمان نے کہا کہ اس دوران تیزی سے پیشقدمی کرنے اور علاقے کو فرضی دشمن کے قبضے سے پاک کرنے کی مشق بھی کامیابی کے ساتھ انجام دی گئی۔
دوسری جانب بری فوج کی انجینیئرنگ کور کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل ارجمندی نے بتایا ہے کہ فوجی مشقوں کے دوران پہلی بار چھے کلومیٹر طویل فائر وال کا بھی تجربہ کیا گیا اور فرضی دشمن کا بکتر بند اور ٹینک دستہ بھی عبور نہیں کرسکا۔
واضح رہے کہ ایران کی بری فوج کی اقتدار ستانوے فوجی مشقوں کا جمعے سے وسطی ایران کے وسیع علاقے نصر آباد  میں آغاز ہوا تھا جو ہفتے کی شام اختتام کو پہنچیں۔

ٹیگس