ایرانی عوام جشن انقلاب میں تاریخی شرکت کرکے دشمنوں کو مایوس کردیں گے
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ ایران کے عوام گیارہ فروری کو اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی ریلیوں میں تاریخی شرکت کرکے دشمنوں کو مایوس کردیں گے۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ امامی کاشانی نے عشرہ فجر کی تقریبات کے آغاز کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عوام گیارہ فروری کو اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی ریلیوں میں تاریخی شرکت کرکے دشمنوں کو مایوس اور ان کی سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے اس ہفتے نمازجمعہ کے خطبے میں کہا کہ پہلوی شاہی حکومت ذلت و حقارت، پسماندگی اور امریکا و صیہونی حکومت کے سامنے غلامی کے اعتبار سے سعودی عرب کی فاسد حکومت سے بھی بدتر تھی۔انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام نے اپنی فداکاری اور جد وجہد سے اسلامی انقلاب کو کامیاب بنایا اور ظالم شاہی پہلوی حکومت کا خاتمہ کیا۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے مغربی ایشیا میں دشمنوں کی سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا صیہونی حکومت اور آل سعود کا منحوس تکون اپنی ہی تیار کی ہوئی سازشوں کے جال میں پھنس گیا ہے۔ تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ اسلامی انقلاب اپنے راستے پر گامزن ہے اور اس کا راستہ کوئی بھی نہیں روک سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب کے دشمن اور ان میں سرفہرست امریکا ایرانی عوام کے عزم و ارادے کے مقابلے میں ذلیل و خوار ہوگا۔
انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ تمام تر وحشیانہ مظالم کے باوجود آج امریکا کی عزت دنیا میں خاک میں مل چکی ہے اور ایرانی عوام کے مقابلے میں اس کی سازشیں ناکام ہوگئی ہیں کہا کہ اس سال بھی دشمنوں کی ہر طرح کی سازشوں کے باوجود ایران کے عوام اسلامی انقلاب کے جشن کی ریلیوں میں شاندار طریقے سے شرکت کرکے دشمنوں کو مایوس کردیں گے۔