Feb ۰۵, ۲۰۱۹ ۱۰:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران نے کی انسٹیکس کو ایف اے ٹی ایف سے  جوڑنے کی مخالفت

اسلامی جمہوریہ ایران نے اس بات پر زور دیا ہےکہ یورپ، انسٹیکس میکنزم کو ایف اے ٹی ایف جیسے غیرمتعلقہ معاملات سے نہ جوڑے ۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے مخصوص مالیاتی میکنزم سے متعلق یورپی یونین کے حالیہ بیان کے ردعمل میں کہا کہ یورپ، انسٹیکس میکنزم کو ایف اے ٹی ایف جیسے غیرمتعلقہ معاملات سے نہ جوڑے اور جوہری معاہدے کے نکات کے تحت اس نظام پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنائے.

ایران نے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا کہ مخصوص مالیاتی میکنزم کے فوری نفاذ میں کوئی دیر نہ کی جائے اور اس کی پہلی ترجیح ایران کے اقتصادی مفادات کا حصول ہو.

دفترخارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یورپ میں دہشتگردی سے متعلق ایران پر لگائے جانے والے الزامات سراسر بے بنیاد ہیں جس کا اصل مقصد ایران یورپ تعلقات کو متاثر کرنا ہے لہذا یورپی ممالک کو چاہئے کہ حقائق کا ادراک کرتے ہوئے ایسے الزامات پر غیرتعمیری مؤقف اپنانے سے گریز کریں.

بیان کے مطابق، ایران کے دفاعی معاملات سے متعلق پہلے بھی اعلان کیا جاچکا ہے کہ دفاعی سرگرمیوں کا مقصد ایران کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے لہذا اس سے متعلق ایران کسی بھی ملک کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گا.ایرانی دفترخارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آزاد و خود مختار ملکوں کے خلاف انسانی حقوق کو بطور سیاسی مقاصد استعمال کرنا قابل مذمت ہے. یورپی ممالک کو چاہئے کہ ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال پر نام نہاد تشویش کا اظہار کرنے کے بجائے فلسطینیوں پر صہیونی مظالم اور یمن پر سعودی قیادت میں اتحادی ممالک کی جارحیت کو دیکھیں.

ایران کی وزارت خارجہ نے یورپی ممالک سے کہا ہے کہ وہ اپنے وعدوں پر مکمل پابندی کے ساتھ عمل در آمد کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا ماحول فراہم کریں گے اور امن کے مخالف ہر اس پروپگنڈے اور بے بنیاد الزامات کو رد کریں گے جس سے علاقے، حکومتوں اور اقوام کے مابین دوریاں پیدا ہوں۔

 

ٹیگس