Feb ۰۸, ۲۰۱۹ ۰۹:۳۹ Asia/Tehran
  • یورپ نے ایران جوہری معاہدے پر عمل درآمد میں کوتاہی کی: ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ یورپی ممالک جوہری معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر قائم رہے تاہم انھوں نے اس پر عمل درآمد کے سلسلے میں کوتاہی کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے روسی چینل روسیا الیوم کو خصوصی انٹریو دیتے ہوئے کہا کہ جوہری معاہدے پر عمل کرنے سے متعلق یورپ نے اپنے وعدوں کو پامال تو نہیں کیا مگر اس نے کوتاہی ضرور برتی ۔

محمد جواد ظریف نے کہا کہ یورپ کے ایران سے کئے گئے وعدوں میں ایرانی تیل کی فروخت کی یقین دہانی، تیل کی آمدنی تک رسائی اور دوسرے ممالک کے ساتھ بینکاری تعلقات جاری رکھنا، شامل ہے جنہیں گزشتہ سال مئی میں یورپی یونین کے بیانیہ میں شامل کیا گیا تھا۔

محمد جواد ظریف سے جب پوچھا گیا کہ اگر یورپ نئے مالیاتی نظام، انسٹیکس میکنزم کو ایران کی FATF میں شمولیت یا میزائل سرگرمیوں پر مذاکرات سے مشروط کرے، تو ایران کیا ردعمل دے گا، تو انہوں نے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ یورپ، ایران جوہری معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل کرے جبکہ وہ ایران پر کوئی خواہش مسلط کرنے کی پوزیشن میں نہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی ممالک نے ایران سے بہت وعدے کئے ہیں اور انھیں سب پر عمل کرنا ہوگا، ایران اپنے وعدوں پر اب تک قائم ہے جبکہ عالمی جوہری ادارے نے بھی 13 مرتبہ ہمارے حق میں رپورٹس شائع کیں ۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ، غیرقانونی طور پر جوہری معاہدے سے نکل گیا تاہم یورپی ممالک نے بھی اس کے مکمل نفاذ پر کوئی خاص قدم نہیں اٹھایا ۔ انہوں نے دہشت گردی کے لئے مالی وسائل کی ترسیل پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) سے متعلق کہا کہ اس پر ایران کے آئین کے مطابق عمل کیا جائے گا، ایران خود دہشت گردی کا بڑا شکار ہے تاہم ایف اے ٹی ایف سے متعلق جو بھی بل پارلیمنٹ میں پاس ہوگا اس کے لئے قانونی تقاضے پورے کرنے ہوں گے ۔

انہوں نے ایران کی میزائل سرگرمیوں کے حوالے سے کہا کہ میزائل پروگرام سے متعلق یورپی اور امریکی الزامات میں کوئی حقیقت نہیں، ہمارے میزائل دہشت گردوں کے خلاف استعمال ہوتے ہیں مگر مغربی ممالک کے ہتھیاروں کو خطے کے مظلوم عوام بالخصوص یمن، لبنان، غزہ اور شام  کے نہتے عوام کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے یورپی ممالک کو خبردار کیا کہ اگر وہ انسٹیکس میکنزم کے اجرا کو ایف اے ٹی ایف یا میزائل پروگرام سے مشروط کریں تو اس کے مقابلے میں ایران کے پاس دیگر راستے موجود ہیں ۔

ٹیگس