تہران اور دیگر شہروں میں فاطمی عزاداروں کے سوگواری کے اجتماعات
دختر رسول اسلام، سیدہ کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم شہادت پر ایران کے مختلف شہروں میں دسیوں ہزار عزاداروں نے ماتمی انجمنوں کی شکل میں عزاداری کے اجتماعات منعقد کئے۔
سیدہ کونین حضرت فاطمہ زہر سلام اللہ علیھا کے یوم شہادت پر پورے ایران کے عوام نے جہاں مساجد و امام بارگاہوں اور مقدس مقامات میں مجالس عزا برپا کرکے سیدہ عالمیان کی مظلومانہ شہادت کا غم منایا وہیں فاطمی عزاداروں نے مختلف شہروں میں عزاداری کے اجتماعات برپا کئے جن میں علمائے کرام نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی حیات و سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی۔
فاطمی عزاداروں کا بہت بڑا اجتماع تہران کے فاطمی اسکوائر پر ہوا۔ تہران کے فاطمی اسکوائر پر فاطمی عزاداروں کے اجتماع کا پروگرام معروف اور بزرگ عالم دین حجت الاسلام کاظم صدیقی کی امامت میں نماز ظہرین کے بعد شروع ہوا جس میں دسیوں ہزار سوگواروں نے شرکت کی۔
اس اجتماع میں بڑی تعداد میں مائیں معصوم بچوں کو اپنی گودوں میں لئے ہوئے شریک ہوئیں جبکہ نوجوانوں کی کثیر تعداد نے سوگواری کے فاطمی اجتماع میں شرکت کرکے نوحہ خوانی و سینہ زنی کی۔
ہفتے کو تین جمادی الثانی یعنی شہزادی کونین کے یوم شہادت کی مناسبت سے ایران میں عام تعطیل تھی اور پورا ملک سیاہ پوش و عزادار تھا۔ فاطمی عزاداروں کے اجتماعات تہران کے دیگر بڑے اسکوائر پر بھی ہوئے۔