Feb ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۸:۲۱ Asia/Tehran
  • ایران اور جاپان کے تعلقات میں توسیع پر تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ٹوکیو میں اپنے جاپانی ہم منصب اور متعدد جاپانی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور جاپان کو باہمی تعاون کو پہلے سے زیادہ فروغ دینے کے لئے بڑے قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ٹوکیو میں ہونے والی اس ملاقات میں کہا کہ ایران اور جاپان کے تعلقات قدیمی ہیں اور دونوں ملکوں کے نوے برسوں سے جاری تعلقات کے دوران ان میں ہمیشہ توسیع ہوئی اور باہمی تعلقات دوستانہ نوعیت کے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ بعض ممالک ان تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش میں ہوں لیکن انہیں اس کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ایران اور جاپان کے تعلقات میں توسیع کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں جاپان کی سرمایہ کاری کے لئے بہترین مواقع فراہم ہیں اور جاپان تیل و گیس اور پیٹروکیمیکل کے میدانوں میں سرمایہ کاری کرسکتاہے۔

 جاپان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر چوایچی داتہ نے بھی اس ملاقات میں اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایران قدیم اور اعلی تہذیب کا حامل مشرق وسطی کا ایک عظیم ملک ہے کہا کہ ایران اور جاپان کے تعلقات قدیمی ہیں اور جاپان کے وزیراعظم اور ایران کے صدر کی حالیہ ملاقات کے بعد سے یہ تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں۔

جاپانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ  ٹوکیو نے ایران کے ساتھ بڑی طاقتوں کے ایٹمی معاہدے کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔

ٹیگس