ایرانی قوم دشمن کے دباو میں نہیں آئے گی: جواد ظریف
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران نہ کسی ملک کیلئے خطرہ ہے اور نہ ہی کسی سے جنگ لڑنے کا ارادہ رکھتا ہے لیکن ہم اپنی تمام تر طاقت کے ساتھ وطن عزیز کا دفاع کریں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے دارالحکومت تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کی 40 سالہ خارجہ پالیسی سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس میں جس میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ملک کے وزرائے خارجہ اور ایران میں تعینات غیر ملکی سفیر اور نمائندے بھی شریک تھےکہا کہ ایرانی عوام ملک کے استحکام اور سلامتی کے اہم ستون کی حیثیت سے ایران کے خلاف دشمنوں کے دباؤ کو بے اثر کریں گے۔
انہوں نے اسلامی انقلاب کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر انقلاب کی ریلیوں میں ایرانی عوام کی تاریخی شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم ملکی مفادات اور سلامتی کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام نےغیر ملکی پابندیوں اور مشکلات کے باوجود، پیشرفت کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سابق وزیر خارجہ کمال خرازی نے اس موقع پر کہا کہ ایران، دشمن کی جانب سے 40 سال سے پابندیوں کے باوجود علاقائی اور عالمی سطح پر ایک پرامن، مستحکم اور آزاد ملک ہے اس لئے کہ وہ کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیتا اور کوئی بھی اس پر اپنی مرضی مسلط نہیں کر سکتا۔