مسجد الاقصی کی توہین کی شدید مذمت
ترجمان ایرانی دفترخارجہ نے اپنے ایک بیان میں صیہونی فورسز کی جانب سے مسجد الاقصی کی توہین کی شدید مذمت کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ بعض علاقائی حکومتوں کی شرمناک خاموشی کی وجہ سے آج صیہونیوں کی توہین آمیز کارروائیوں اور مقبوضہ فلسطین میں اسلامی اور تاریخی مقامات کی پامالی میں اضافہ ہوا ہے ۔
بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں صیہونی فورسز کی جانب سے مسجد الاقصی کی توہین کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض صیہونی حکومت کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں موجود تاریخی اور اسلامی مقامات کی پامالی ہو رہی ہے جبکہ خطے کی بعض حکومتیں اس پر خاموش ہیں ۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ فلسطینی سرزمین پر صیہونی قبضے کے آغاز سے اب تک فلسطینیوں کی نسل کشی اور مذہبی مقامات کے خاتمے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ خطے کے بعض ممالک کی خاموشی، اسرائیل سے تعاون اور اسی طرح وارسا میں امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ ڈرامے نے صیہونیوں کے گستاخانہ اقدامات میں اضافہ کردیا ہے ۔ انہوں نے مقدس مقامات کے تحفظ پر فلسطینی عوام کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسلامی ممالک اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ فلسطین میں صیہونیوں کی جارحیت اور توہین آمیز اقدامات کا نوٹس لیں۔