شام اور مزاحمتی فرنٹ کی حمایت پر فخر کرتے ہیں: رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی نے شام کے صدر سے ملاقات میں فرمایا کہ شامی حکومت اور قوم کی مدد کو مزاحمتی فرنٹ کی حمایت سمجھتے ہیں اور اس پر فخر کرتے ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج شام کے صدر بشار الاسد سے ملاقات میں فرمایا کہ شام کی کامیابی، امریکہ اور علاقائی سامراجیوں کی شکست کی وجہ اس ملک کے صدر اور قوم کی مزاحمت اور مستحکم عزم تھی۔
رہبرمعظم انقلاب اسلامی نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام کے بحران کے شروع ہونے کے وقت سے ہی دل و جان کے ساتھ شام کی حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے فرمایا کہ شام نے اپنے عوام کی مزاحمت و استقامت کے ساتھ امریکہ، یورپ اور ان کے اتحادیوں کو شکست دی۔
حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امریکہ کی جانب سے شام اور عراق کی سرحدوں میں مسلسل موجودگی کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور شام کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات قائم ہیں اسی لئے دشمن ہرگز اپنی سازشوں کو عملی جامہ نہیں پہنا سکے گا۔
رہبرمعظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ شام کی کامیابی امریکہ کے غصہ کا باعث ہے لہذا وہ نئی سازش رچنے کی کوشش کر رہا ہے اور شام میں بفر زون قائم کرنا ان سازشوں میں سے ایک ہے اور اسے مسترد کرنا اور اس کے خلاف ڈٹ جانا چاہئیے۔
رہبرمعظم انقلاب اسلامی سے ہونےوالی ملاقات میں شام کے صدر بشار الاسد شام کیلئے ایران کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا شام کی جنگ ایران پر مسلط کردہ 8 سالہ جنگ کی مانند تھی اور ایران اس میں شام کے شانہ بشانہ کھڑا رہا۔