ایران کے عوام پوری قوت کے ساتھ عزت و سربلندی کے راستے پر گامزن ہیں
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کے عوام پوری قوت کے ساتھ عزت و سربلندی کے راستے پر گامزن ہیں۔
شمالی ایران کے شہر لاہیجان میں عوامی استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے عوام نے تاریخی آزمائش میں عظیم کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے عوام نے پابندیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور دشمن کو سنگین شکست سے دوچار کر دیا ہے۔
صدرایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ دشمن، ایران کے خلاف اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ایران کے خلاف پابندیوں میں دنیا کو اپنے ساتھ ملانے میں ناکام ہو گیا ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے ناکام وارسا اجلاس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خود امریکہ کے اتحادیوں نے بھی اس اجلاس میں اس کا ساتھ نہیں دیا۔
صدر ایران نے کہا کہ ملک کو اقتصادی اور نفسیاتی جنگ کا سامنا ہے لیکن ایران کے عوام اپنی استقامت کے ذریعے دشمن پر غلبہ پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔