نیوزی لینڈ میں نمازیوں پر حملہ قابل مذمت ہے، خطیب جمعہ تہران
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ امامی کاشانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے عراق اور شام میں امریکہ کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا۔
مصلی امام خمینی میں نماز جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ امامی کاشانی نے کہا کہ ساری دنیا اس بات کی معترف ہے کہ ایران نے شام اور عراق میں امریکہ کی سازشوں کو پوری قوت کے ساتھ ناکام اور واشنگٹن کو شکست سے دوچار کر دیا ہے۔
انہوں نے ایران کے خلاف دشمن کے بھرپور اور ہمہ جانبہ دباؤ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عوام اندرونی وسائل اور طاقت کے بھروسے پڑنے والے دباؤ اور پابندیوں کا ڈٹ کرمقابلہ کر رہے ہیں اور امریکہ کو سنگین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
تہران کے خطیب جمعہ نے رہبر انقلاب اسلامی جانب سے انقلاب اسلامی کے دوسرے قدم کے نام سے جاری ہونے والے بیان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کے اصل مخاطب، امت مسلمہ اور ایرانی نوجوان ہیں جنہیں آئندہ جالیس برس کے دوران اس بیان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جہاد و کوشش کرنا ہو گی۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں نمازیوں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پتہ چلتا ہے کہ اسلام دشمن قوتیں کس حد تک ذلیل اور پست ہیں۔