ماضی کی بنسبت عرب لیگ کا حالیہ اجلاس مثبت: ایران
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ اس کے عرب لیگ کے زیادہ تر رکن ممالک کے ساتھ قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کےترجمان دفترخارجہ بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالم اسلام سے متعلق مختلف موضوعات پر ایران اور عرب لیگ کے رکن ممالک کے درمیان مشترکہ مفادات ہیں.
تیونس میں عرب لیگ کے حالیہ اجلاس پر تبصرہ کرتے ہوئے بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ عرب لیگ کے صرف چند ممالک ہیں جن کے رہنماؤں نے بدقسمتی سے ایران کے خلاف غیرتعمیری خطاب اور منفی رویہ اپنایا تاہم ماضی کی نشستوں کے مقابلے میں حالیہ اجلاس قدرے بہتر اور مثبت رہا اور ہم اس کی وجہ تیونس کی تعمیری میزبانی کو سمجھتے ہیں.
ایران کے ترجمان دفترخارجہ نے تیونس اجلاس کے موقع پر عرب معاملات میں ایرانی مداخلت کے دعوے بالخصوص تین ایرانی جزائر کے خلاف دہرائے جانے والے الزامات کی شدید مذمت کی. انہوں نے ایرانی جزیروں سے متعلق کہا کہ یہ جزیرے ایرانی ملکیت ہیں اور ان کے خلاف الزامات کے دہرائے جانے سے کچھ نہیں ہوگا.
بہرام قاسمی نے عرب لیگ کی جانب سے شام کی علاقائی سالمیت بالخصوص جولان پر شامی کنٹرول کی حمایت کا خیرمقدم بھی کیا. انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام علاقائی ممالک کو صہیونی مظالم اور سازشوں کے خلاف ایک محاذ پر رہنا ہوگا۔