Apr ۰۶, ۲۰۱۹ ۱۷:۴۵ Asia/Tehran
  • سیلاب زدہ علاقوں میں

قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی نے سیلاب زدہ علاقوں میں انجام دی جانے والی امدادی کارروائیوں کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ سرگرم عمل تمام امدادی قوتوں پر درود بھیجتا ہوں۔

 سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی نے سیلاب زدہ علاقوں میں اربعین حسینی کی طرز پر موکب قائم کئے جانے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے بعض علاقوں بالخصوص صوبہ خوزستان میں بارش اور سیلاب کے خدشات کے پیش نظر کہا کہ مقدس دفاع کے دوران خدمات پیش کرنے والوں سمیت سبھی کمانڈر اپنا فرض سمجھتے ہیں کہ متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون و ہمراہی کریں اور ان کی ہم آہنگی سے امدادی سرگرمیوں میں ان تمام تجربات کو بروئے کار لائیں جو اربعین حسینی کے موقع پر نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور دیگر شہدائے کربلا کے زائرین کرام کی خدمت کے لئے  استعمال کیے جاتے ہيں۔
جنرل قاسم سلیمانی نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام لازمی اقدامات شروع کردئے گئے ہیں۔
قدس بریگیڈ کے کمانڈر کے اس اعلان کے مطابق آئندہ ہفتے سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایک ماہ کے لئے ( صورت حال معمول پر آنے تک) اربعین حسینی کی طرز پر موکب لگائے جائیں گے اور پل دختر، سوسنگرد، بستان اور دیگر علاقوں میں امدادی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی نے سیلاب زدہ علاقوں میں حکومتی، فوجی حتی عوامی سطح پر انجام دی جانے والی امدادی کارروائیوں کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ سرگرم عمل تمام امدادی قوتوں نے اپنے خلوص اور عزم کا اظہار کیا ہے اور مسلسل جہادی کوششیں انجام دے کر دشمن  کے ان تمام ذرائع ابلاغ اور ان کے طرفداروں کے منھ پر زوردار طمانچہ رسید کیا، جو ایرانی قوم میں ناامیدی و مایوسی پیدا کرنے اور یہ ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ حکومت ایران قدرتی آفات کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بحرانوں سے نمٹنے میں ناکام ہوگئی ہے۔
قدس بریگیڈ کے کمانڈر نے کہا کہ میں امدادی کاموں میں حصہ لینے والے تمام اداروں پر درود بھیجتا ہوں۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف صوبوں خاص طور سے ایران کے شمالی، جنوبی اور جنوب مغربی صوبوں میں ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں تباہ کن سیلاب آیا ہوا ہے جس میں جانی اور وسیع مالی نقصانات ہوئے ہیں۔
اس صوتحال سے نمٹنے کے لئے سرکاری و غیر سرکاری طور پرخاص طور سے مسلح افواج اور عوام، سبھی سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امداد کے لئے دوڑ پڑے اور امداد رسانی کا یہ عمل بدستور جاری ہے۔
سیلاب سے متاثرہ بیشتر علاقوں میں صورت حال پر قابو پا لیا گیا ہے اور ہنگامی طور پر وسیع  کارروائیوں کے ساتھ  سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو امداد پہنچائی جا رہی ہے۔

ٹیگس