خلیج فارس ہماری شہ رگ حیات ہے، ایرانی وزیر خارجہ( تفصیلی رپورٹ)
تیس اپریل خلیج فارس کے قومی دن کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اس اہم اور اسٹریٹیجک آبی علاقے کو ایران کی شہ رگ حیات قرار دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ایک ٹوئٹ میں خلیج فارس کے قومی دن کی مبارکباد پیش کی اور خلیج فارس کی کلیدی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خلیج فارس ایران سمیت دنیا کی شہ رگ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بہت سے لوگ اسے خلیج کہتے ہیں جبکہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ یہ خلیج نہیں بلکہ خلیج فارس ہے اور ہمیشہ خلیج فارس ہی رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض لوگ اسے جعلی ناموں سے پکار کر اس علاقے کی تاریخ کو تبدیل کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران میں ہر سال تیس اپریل کو خلیج فارس کے قومی دن کے عنوان سے منایا جاتا ہے۔
تیس اپریل سولہ سو بائیس کو ایرانی فوج نے آبنائے ہرمز اور خلیج فارس میں پرتگالیوں کو شکست دے کر انھیں اس خطے سے نکال دیا تھا۔
خلیج فارس جنوب مغربی ایشیا میں ایران اور جزیرہ نما عرب کے درمیان واقع خلیج ہے۔ یہ تجارتی نقطہ نظر سے دنیا کے اہم ترین آبی علاقوں میں شمار ہوتی ہے۔
مختلف زبانوں میں اس سمندری علاقے کا تاریخی نام خلیج فارس یا بحیرہ پارس ہے۔
حالیہ برسوں کے دوران خلیج فارس کا نام تحریف اور تبدیل کرنے کی بے پناہ کوششیں کی جاتی رہی ہیں جبکہ تاریخی دستاویزات اس بات کی گواہ ہیں کہ اس آبی علاقے کا نام قدیم زمانے سے خلیج فارس تھا اور آئندہ بھی رہے گا۔
دنیا میں تیل کی اہم ترین آبی گزرگاہ یعنی خلیج فارس ایرانی تہذیب و تمدن کا اٹوٹ حصہ ہے اور دنیا بھر کی تاریخی دستاویزات، معاہدوں نیز مختلف اقوام کے درمیان اس آبی گزرگاہ کی پہنچان کے لیے یہی نام استعمال کیا جاتا ہے۔