ایران کی جانب سے فلسطینی کاز کی بھرپور حمایت کا اعلان
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سرزمین فلسطین اور بیت المقدس پر غاصب صیہونی حکومت کے ناجائز قبضے کے خاتمے کے حوالے سے عالمی برادری اور خاص طور سے اقوام متحدہ سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ضرورت زور دیا ہے۔
سرزمین فلسطین پر اسرائیل کے ناجائز قبضے کی برسی اور یوم نکبہ کے موقع پر جاری کیے جانے والے ایک بیان میں ایران کی وزارت خارجہ نے فلسطینی کاز اور فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کو حق خود ارادیت دلانے اور دارالحکومت بیت المقدس کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں آیا ہے کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ سرزمین فلسطین پر ستر سال سے جاری غاصبانہ قبضے، فلسطینیوں کے خلاف صہیونی مجرمانہ اقدامات اور جارحیت کا سلسلہ ختم کرانے کے لیے ٹھوس اور بنیادی قدم اٹھائے۔
بیان میں عالمی اداروں نے جلاوطن ہونے والے فلسطینیوں کی اپنے آبائی علاقوں میں واپسی کے ماحول کو سازگار بنانے اور سرزمین فلسطین کے حقیقی باشدوں منجملہ مسلمانوں، عیسائیوں اور یہودیوں کی مشارکت سے ریفرنڈم کے انعقاد کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ تاکہ اس علاقے کے سیاسی مستقبل کا تعین کیا جا سکے۔
بیان میں میں واضح کیا گیا ہے کہ " یوم نکبت " کے روز امریکہ کی حمایت سے سرزمین فلسطین پر صہیونی حکومت نام کی ایک ناجائز حکومت کا قیام عمل میں آیا اور جنگ و جارحیت، مجرمانہ اقدامات اور غاصبانہ قبضے کے ذریعے اس ناجائز حکومت کا وجود قائم رہا ہے اور آج یہ حکومت تمام علاقائی بحرانوں کی جڑ اور عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرے میں تبدیل ہو گئی ہے۔
چودہ مئی، ہزاروں فلسطینیوں کی اپنی گھروں سے بے دخلی اور پندرہ مئی اسرائیل کی ناجائز حکومت کے قیام کی اکہتر ویں برسی کا دن ہے جسے فلسطینی عوام یوم نکبہ کے طور پر مناتے ہیں۔
اس موقع پر تمام فلسطینی گروہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں پوری فلسطینی قوم سے یوم نکبہ کے مظاہروں میں بھرپور اتحاد کے ساتھ شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔
خـبر رساں ایجنسی القدسنا کے مطابق رام اللہ اور البیرہ جیسے فلسطینی صوبوں میں تمام فلسطینی گروہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اکہتر ویں یوم نکبہ کے موقع پر ہونے والے مظاہروں میں اتحاد آفریں نعروں کے ساتھ شرکت کریں اور سینچری ڈیل کے ناپاک امریکی منصوبے کی مخالفت کا اعلان کریں۔
قابل ذکر ہے کہ سینچری ڈیل، امریکہ کا ایک نیا منصوبہ ہے جسے مسئلہ فلسطین کو نابود کرنے کی غرض سے سعودی عرب سمیت بعض عرب ملکوں کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔
اس ناپاک منصوبے کے تحت بیت المقدس اسرائیل کے حوالے کر دیا جائے گا، فلسطینیوں کو اپنے آبائی علاقوں میں واپسی حق نہیں ہو گا اور اسرائیل کے ناجائز قبضے سے باقی بچ جانے والے غرب اردن اور غزہ کا علاقہ ہی فلسطینیوں کی ملکیت ہو گا۔