May ۲۳, ۲۰۱۹ ۱۱:۵۴ Asia/Tehran
  • سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں ایرانی قوم کی استقامت

ایران کی فوج دشمن کی ہر سازش کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل باقری نے خرم شہر کی آزادی کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ استقامت ومزاحمت ہی، عالمی سامراجی طاقتوں کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج دشمن کی ہر سازش اور ہر کارروائی کا مقابلہ کرنے اور اسے منہ توڑ اور دنداں شکن جواب دینے کے لئے آمادہ ہیں ۔ ملک و قوم کا دفاع ایرانی افواج کے اہم ترین  فرائض اور وظائف میں شامل ہے۔ انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ امریکہ کی الحادی اور طاغوتی طاقت کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام ایرانیوں کو باہمی اتحاد کے ساتھ ہوشیاراور آگاہ رہنا چاہیے۔

میجر جنرل باقری  نے کہا کہ 3 خرداد(24 مئی) خرم شہر کی آزادی کا دن  در حقیقت کامیابی، ایثار، ایرانی  قوم کی مزاحمت اور انقلاب اسلامی کی تاریخ کا سنہری اور درخشاں دن ہے اس دن مکتب ولایت کے تربیت یافتہ افراد نے استقامت اور پائمردی کا شاندار مظاہرہ کیا اور خرم شہر کو آزاد کرکے ایرانی قوم کے تمام دشمنوں کی سازشوں کو خاک میں ملادیا۔

میجر جنرل باقری نے کہا کہ خرم شہر کی آزادی کو 37 سال بیت گئے ہیں اور آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ میں ایرانی قوم نے عالمی سامراجی طاقتوں کو تاریخی شکست سے دوچار کیا  اور آج بھی ہماری عالمی سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں استقامت، مزاحمت اور پائمردی کا سلسلہ جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج ہم تاریخ کے حساس مرحلے پر کھڑے ہیں ، ہم اپنے پختہ عزم اور قوی و مضبوط  ارادے کے ساتھ دشمن کو سیاسی، اقتصادی اورعسکری محاذ پر شکست دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔

ٹیگس