ایرانی قوم دشمنوں کو پشیمان کردے گی، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہےکہ ایرانی قوم اقتصادی جنگ میں ایک بار پھر دشمنوں کو پشیمان کردے گی۔
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کی رات تہران میں منعقدہ ایک کانفرنس میں ایرانی جانثاروں کی قدردانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم دشمنوں کے مقابلے میں پورے وقار کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ دشمن، ایرانی قوم کو عزت و آزادی سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ایرانی قوم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ وہ دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی اور وہ دشمنوں کو پشیمان کردے گی۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران سخت ترین پابندیوں اور دباؤ کے باوجود ایرانی قوم نے استقامت کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور وہ نہ صرف یہ کہ تسلیم نہیں ہو گی بلکہ دشمنوں کو کامیاب بھی نہیں ہونے دے گی۔
انھوں نے کہا کہ ایرانی قوم استقامت کے اپنے اسی جذبے کی بدولت امریکہ و غاصب صیہونی حکومت سمیت اپنے تمام دشمنوں کو شکست دے گی۔
صدر مملکت نے خرم شہر کی آزادی کی سالگرہ کی مبارک باد پیش اور اس کارنامے کو دفاع کے میدان میں ایرانی قوم کی شجاعت و بہادری اور قومی عزت و وقار کا بیّن ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے اپنے ملک کے شہر، خرم شہر کو اس طریقے سے آزاد کرایا کہ عراق کی اس وقت کی بعثی صدام حکومت کے کئی فوجی افسروں سمیت انیس ہزار فوجی اہلکاروں کو قیدی بنا لیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ جمعہ تین خردار مطابق چوبیس مئی کی تاریخ، ایران کے جنوب مغربی صوبے خوزستان میں خرم شہر کو آزاد کرائے جانے کی سالگرہ ہے۔ اس شہر کو سن انّیس سو بیاسی میں پانچ سو اٹھتر روز تک غاصبانہ قبضہ جاری رہنے کے بعد ایرانی جوانوں کی بیت المقدس کارروائی کے ذریعے آزاد کرایا گیا تھا۔