امریکی حکام کے دعوے علاقے کی سلامتی کے لئے خطرناک، ایران کے وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ نے مغربی ایشیاء میں امریکہ کی جانب سے فوج کی تعداد میں اضافہ سے متعلق امریکی حکام کے دعووں پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے دعوے عالمی امن و صلح کیلئے بہت زیادہ خطرناک ہیں اس لئے ان کا مقابلہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پاکستان کے دورے کے اختتام پر بعد اسلام آباد سے روانگی سے قبل ارنا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام خلیج فارس میں اپنی دشمنانہ پالیسیوں اور حالات کو کشیدہ بنانے کی توجیہ پیش کرنے کے لئے اس قسم کے دعوے کر رہے ہیں۔ایران کے وزیر خارجہ نے علاقے میں امریکی حکام کی جانب سے فوج کی تعداد میں اضافہ سے متعلق بیانات کو عالمی امن و صلح کے لئے خطرناک قرار دیا۔واضح رہے کہ ایران کے وزیر حارجہ نے اپنے دورہ اسلام آباد میں اس ملک کے مختلف اعلی حکام منجملہ وزیر اعظم، پارلیمنٹ کے اسپیکر، وزیر خارجہ اور آرمی چیف سے الگ الگ ملاقات اور مختلف دو طرفہ و علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔