عالمی یوم القدس صیہونی حکومت سے نفرت و بیزاری کے اظہار کا دن
اسلامی جمہوریہ ایران اور دنیا کے دوسرے ممالک من جملہ ہندوستان اور پاکستان کے عوام آج جمعے کے روزعالمی یوم القدس کے موقع پر نکالی جانے والی ملک گیر ریلیوں میں بڑے پیمانے پر شرکت کر کے غاصب صیہونی حکومت سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کرے گی-
بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح)نے رمضان المبارک کے آخری جمعے کو یوم قدس قرار دیا ہے اور اسی بنیاد پر ایران کی مجریہ ، مقننہ اور عدلیہ کے حکام سمیت ملک کی عسکری و سیاسی شخصیتوں اور سیاسی گروہوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں عوام کو عالمی یوم قدس کے جلوسوں میں شرکت کی دعوت دی ہے-
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ کو یونیورسٹیوں کے بعض پروفیسروں، اساتذہ ، ممتاز شخصیات اور دانشوروں سے ملاقات میں مسئلہ فلسطین کے بارے میں اسلامی اور دینی ذمہ داری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: امریکہ اور اس کے آلہ کار صدی معاملے کو مسلط کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کی گھناؤنی سازشیں ماضی میں بھی ناکام ہوئیں اور فلسطین کے بارے میں ان کا صدی معاملہ بھی ناکام ہوجائےگا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: عالمی یوم قدس اس سال ہر سال کی نسبت کہیں زیادہ اہم ہے اور اس کی اہمیت کی وجہ امریکہ اور اس کے آلہ کاروں کی جانب سےعلاقے میں خیانت اور جارحیت ہے جو اس طریقے سے صدی معاملے کو مسلط کرنا چاہتے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکی حکام کی جانب سے فلسطین کے مسئلے کوحذف کرنے کی جانب اشارہ کرتے ہو ئے فرمایا کہ صرف ماضی اور حال میں ان کے لہجے اور ادبیات میں فرق آیا ہے اس لئے عالمی یوم قدس اس سال ہر سال کی نسبت کہیں زیادہ اسلامی اور انسانی جذبے کے تحت جوش و خروش کے ساتھ منایا جائےگا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی ملت ایران اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عالمی یوم قدس کی ریلیوں میں بڑے پیمانے پر شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ اس سال دنیا، مزید اتحاد و یکجہتی سے قدس شریف کی آزادی اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں ایران اور اسلامی ممالک میں نکالی جانے والی ریلیوں میں عوام کی پرجوش اور بھرپور شرکت کا مشاہدہ کرے گی-
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹرعلی لاریجانی نے بھی اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ فلسطین کی حمایت ایران کی اسٹریٹیجی ہے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا صحیح حل مسلمانوں کی تقدیر کے فیصلے میں بنیادی تبدیلی پیدا کرے گا-
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ القدس الشریف نہ امریکہ کا ہے جس کو کسی کو بخش دے اور نہ ہی غاصب اور ناجائز صہیونی حکومت کا ہے جس پر قبضہ جمائے اور نہ ہی ان کے ستمگر اتحادیوں کا ہے جس کو خریدیں، القدس الشریف فلسطین کی سرزمین اور فلسطینی عوام کا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ خود گواہی دیتا ہے کہ جو کسی بھی اس حقیقت کو نظر انداز کرے تو اسے تباہ کن شکست کا سامنا ہوگا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام اور حکومت فلسطینی حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
پاکستان اور ہندوستان کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں نے بھی عالمی یوم قدس کے موقع پر الگ الگ بیانات جاری کر کے صیہونی حکومت اور آل سعود و آل خلیفہ کی جارح اور قدامت پسند حکومتوں کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے تمام حریت پسند عوام سے عالمی یوم قدس کی ریلیوں میں بھرپور شرکت اور عالمی استکبار سے نفرت و بیزاری کے اعلان کی دعوت دی-
اس میں شک نہیں کہ ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی نے صیہونی حکومت کے خلاف جہادی گروہوں کی تشکیل اور فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور بانی انقلاب اسلامی کی قیادت و رہبری میں انقلاب اسلامی کی کامیابی کو چالیس سال گذرنے کے باوجود عالمی سطح پر اس انقلاب کے اثرات مزید بڑھتے جا رہے ہیں اور علاقے کی استقامتی و اسلامی تحریکوں میں اسے زیادہ نمایاں طور سے دیکھا جا سکتا ہے-
دنیا کی مختلف سیاسی و ثقافتی شخصیتوں اور ماہرین نے بھی با رہا ایران کے اسلامی انقلاب اور بانی انقلاب حضرت امام خمینی(رح) کی شخصیت کی قدر و منزلت اور مسئلہ فلسطین کے سلسلے میں آپ کے نظریے کو تسلیم کرتے ہوئے قدردانی کی-