May ۳۱, ۲۰۱۹ ۱۸:۴۷ Asia/Tehran
  • سینچری ڈیل فلسطینی امنگوں کو نابود کرنے کی ایک شرمناک سازش، صدر مملکت

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ سینچری ڈیل فلسطینی امنگوں کو نابود، صیہونیوں کے غاصبانہ قبضے کی توسیع اور تمام اسلامی ملکوں کو جارحیت کا نشانہ بنائے جانے کی ایک شرمناک سازش ہے۔

صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے مکہ مکرمہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک اسلامی ملکوں کے سربراہوں کے نام ایک پیغام میں اسلامی ملکوں کے ان سربراہوں کو دعوت دی کہ وہ مسلمانوں کے قبلہ اول کی حیثیت سے بیت المقدس کو بچانے کی کوشش کریں- انہوں نے کہا کہ اسلامی ملکوں کے رہنماؤں کو چاہئے کہ اس موقع کو سینچری ڈیل جیسی خطرناک سازش کا مقابلہ اور فلسطین کے دفاع کے لئے استعمال کیا جانا چاہئے۔

ایران کے صدر نے کہا کہ اسلامی ملکوں کو اس بات کے اجازت نہیں دینی چاہئے کہ صیہونی حکومت کے ہاتھوں مسلمانوں کے قبلہ اول پر ناجائز قبضے کے مسئلے کو نظرانداز کر دیا جائے  یا بیت المقدس پر صیہونیوں کی حکمرانی کو مضبوط بنا لیا جائے۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بیت المقدس کو اسرائیل کے دارالحکومت کی حیثیت سے اور مقبوضہ جولان پر اسرائیل کی حکمرانی تسلیم کئے جانے کے بارے میں امریکی اقدام کو عالم اسلام کے خلاف امریکہ کی کھلی دشمنی قرار دیا اور کہا کہ امریکا کا یہ اقدام  عالم اسلام کے خلاف ایک خطرناک عمل کی شروعات ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ اس طرح کے اقدام پر عالم اسلام کے ملکوں کی حکومتوں کی جانب سے مناسب ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔

ایران کے صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے او آئی سی کے اجلاس میں اپنے پیغام میں کہا کہ ناپاک سینچری ڈیل تیار کرنے والے ممالک  فلسطینی عوام کے حق کو کچلتے ہوئے فلسطینی امنگوں کو خاک میں ملانے اور عالم اسلام نیز دنیائے عرب پر صیہونیوں کے تسلط کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹیگس