ایران روس تعلقات کا فروغ علاقائی سلامتی کے لیے اہم ہے، صدر روحانی
صدر ایران حسن روحانی نے تہران ماسکو تعلقات کے فروغ کو علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے اہم قرار دیا ہے۔
بشکک میں روس کے صدر ولادی میر پوتین سے بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران روس تعاون صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک توانائی اور ٹرانسپورٹ کے میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ اچھا تعاون کر رہے ہیں۔
صدر ایران نے ایٹمی معاہدے کے استحکام اور یورپ کی جانب سے اس پر عملدرآمد کے حوالے سے روس کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران شروع سے علاقائی استحکام اور سلامتی کا حامی رہا ہے اور اس نے علاقے میں عدم جارحیت کے معاہدے کی پیشکش کرکے اپنی نیک نیتی کو ثابت کردیا ہے۔
روس کے صدر ولادی میر پوتین نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ دوطرفہ اور کثیرالفریقی تعاون جاری رکھنے کا پختہ ارادہ رکھتا ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ شام کی صورتحال میں بہتری ایران، روس اور ترکی کے درمیان سہ فریقی تعاون کا نتیجہ ہے۔
روسی صدر نے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان تجارتی تعلقات تیزی کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس ایران کے انرجی سیکٹر میں مزید سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے جس سے باہمی تعلقات کو تقویت ملے گی۔