اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے امریکی ڈرون مارگرانے کی حمایت
ایران کے پارلیمیٹ کے ارکان نے ملکی سرحدوں پر جارحیت کرنے والے امریکی ڈرون طیارے کو مارگرانے کے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اقدام کی حمایت کی ہے۔
ارکان پارلیمنٹ کے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی جاسوس طیارے کی سرنگونی سے علاقے میں نفسیاتی جنگ کا توازن درھم برھم ہوگیا ہے اور اب کوئی جارح طیارہ ایران کی فضائی حدود میں داخلے کی طاقت نہیں رکھتا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دشمن کے مقابلے کی غرض سے اپنی فوجی اسٹریٹیجی اور دفاعی آلات کی اندرون ملک تیاری کا سلسلہ پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا۔
ایرانی پارلیمینٹ کے ارکان نے مشترکہ بیان میں امریکہ اور اس کے حامی ملکوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی غلط پالیسیوں پر عملدرآمد فوری طور پر بند کردیں۔
یاد رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بیس جون کو ملک کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے علاقے کوہ مبارک میں فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے گلوبل ہاک نامی امریکی ڈرون کو مارگرایا تھا۔