Jun ۲۴, ۲۰۱۹ ۱۹:۳۰ Asia/Tehran
  • امریکا انسانی حقوق کی پامالی میں سب سے آگے ہے، ایرانی عدلیہ کے سربراہ کا بیان

اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ حجت الاسلام ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ امریکا انسانی حقوق کی پامالی میں دنیا میں سب سے آگے ہے۔

ایران کی عدلیہ کے سربراہ ابراہیم رئیسی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکا انسانی حقوق کی پامالی میں دنیا میں سب سے آگے ہے،  کہا ہے کہ امریکا بھی رجعت پسند اپنی عرب اتحادی حکومتوں اور صیہونی حکومت کی طرح انسانی اور شہری حقوق کی پامالی میں سیاہ کارنامہ رکھتا ہے-

ایران  کی عدلیہ کے سربراہ نے پیر کو تہران میں غیر ملکی سفیروں، ناظم الاموروں اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات میں کہا کہ مغربی ممالک جو ایرانی عوام کے خلاف امریکیوں کا ساتھ دے رہے ہیں  اور حتی اشیائے خوراک، ادویات اور طبی وسائل و آلات بھی ایران تک نہیں پہنچنے دے رہے ہیں کیا وہ انسانی حقوق کے حامی اور ہمدرد ہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ جو ممالک ادویات اور طبی وسائل و آلات ایران نہیں پہنچنے دے رہے ہیں وہی ایرانی عوام کے خلاف انسانی حقوق کے بارے میں قراردادیں تیار اور پیش کرتے ہیں۔

عدلیہ کے سربراہ نے صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے حقوق کی وسیع پیمانے پر پامالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت امریکا کی حمایت سے فلسطینیوں کے حقوق کو پامال کر رہی ہے اور یہودی حکومت کی تشکیل اور صیہونی بستیوں کی تعمیر کے قانون کی منظوری انسانی حقوق کی پامالی کی واضح ترین مثال ہے-

حجت الاسلام رئیسی نے سعودی حکومت کے جرائم کو انسانی اور شہری حقوق کی پامالی کی ایک اور مثال قرار دیا اور کہا کہ اس وقت سعودی عرب اور بحرین میں سیکڑوں سیاسی  اور شہری حقوق کے کارکنوں  کو پھانسی کی سزا سنائی جا چکی ہے جنھیں کبھی بھی پھانسی دی جا سکتی ہے اور پھانسی کی  یہ سزائیں امریکا کے اشارے پر ہی دی جا رہی ہیں-

انہوں نے یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت کو انسانی حقوق کی کھلی پامالی قرار دیا جس میں اب تک ساٹھ ہزار سے زائد بے گناہ شہری مارے جا چکے ہیں اور یہ قتل عام بھی امریکا اور اس کے اتحادیوں کی حمایت سے ہو رہا ہے-

 

ٹیگس