امریکی حکمراں شدید ذہنی معذوری کا شکار ہیں، صدر حسن روحانی
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کے خلاف نئی امریکی پابندیوں کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے انھیں مسترد کر دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے ملک کے اعلی ترین سیاسی، مذہبی، روحانی اور سماجی عہدیداروں کے خلاف پابندیاں، جو صرف ایرانیوں کے ہی نہیں بلکہ ساری دنیا کے مسلمانوں اور اسلامی انقلاب کے متوالوں کے رہنما بھی ہیں، انتہائی مضحکہ خیز اور نفرت انگیز اقدام ہے۔
تہران میں ایک سرکاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ آج نا صرف ایران بلکہ لبنان، شام، افغانستان، پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا کے تمام خطوں کے شیعہ اور سنی عوام، رہبر انقلاب اسلامی ایران سے محبت اور آپ کے فرامین کی پیروی کرتے ہیں۔
صدر ایران نے کہا کہ اب اگر کوئی ذہنی معذور، ایسی عظیم قیادت کے خلاف اس طرح کا شرمناک اقدام کرے تو اس سے زیادہ مضحکہ خیز بات اور کیا ہو سکتی ہے۔
صدر ایران نے رہبر انقلاب اسلامی کے اثاثہ جات پر امریکی پابندی کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک امام بارگاہ اور سادہ سا ایک مکان رہبر انقلاب اسلامی کا کل اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی، دنیا کے دیگر رہنماؤں کی طرح نہیں ہیں کہ بیرون ملک بینکوں میں لاکھوں ڈالر کے اثاثے ہوں جنہیں ضبط یا منجمد کیا جا سکتا ہو۔
صدر ایران نے امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم نے اپنے ہاتھوں سے اپنی ساکھ تباہ کرلی ہے اور مذاکرات سے بھاگ نکلے ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج امریکی حمکراں عجیب قسم کے مخمصے اور بے چارگی کا شکار ہیں کیونکہ وہ جو بھی قدم اٹھاتے ہیں اس کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکیوں کو توقع تھی کہ وہ دو سے تین ماہ کے اندر ایران میں حکومت کو درہم برہم کر دیں گے لیکن ایسا نہ ہو سکا اور وہ دیکھ رہے ہیں کہ ایران کے عوام پوری قوت، عزم اور حوصلے کے ساتھ مختلف میدان میں قدم آگے بڑھا رہے ہیں۔
صدر ایران نے کہا کہ امریکہ دانشمندی کے راستے سے مکمل خارج ہو چکا ہے، امریکہ کی جانب سے مذاکرات کا شور مچانے کے ساتھ ساتھ پابندیوں میں اضافے کے اعلانات، ایرانی عوام کے دشمنوں کی دروغگوئی کا واضح ثبوت ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے ایرانی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے امریکی جاسوس طیارے کی تباہی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے صبر کا پیمانہ اس کی ریڈ لائن تک محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی سرحدیں ہماری ریڈ لائن ہیں، ہماری بغیر اجازت سرحدوں میں داخل ہونا ریڈ لائن عبور کرنا ہے اور ہمیں اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
صدر ایران نے کہا کہ امریکی، ان دنوں ایسے عجیب و غریب کام انجام دے رہے ہیں کہ جن کی دنیائے سیاست میں کوئی مثال نہیں ملتی، وہ بلا کی ذہنی کمزوری کا شکار ہیں جبکہ وائٹ ہاؤس اتنہائی درجے کی ذہنی معذوری میں مبتلا ہے اور اس کی سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ کیا کرے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ پینٹاگون، امریکی دہشت گرد فوج سینٹ کام اور وائٹ ہاؤس سمیت تمام امریکی ادارے انتہائی درجے کی بے بسی اور لارچاری کا شکار ہیں اور غیر دانشمندانہ اقدامات اور لغو قسم کے بیانات دینے میں مصروف ہیں۔