امریکی ڈرون مار گرانے سے ایرانی قوم کی عزت و وقار میں مزید اضافہ ہوا، وزیر دفاع
ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے امریکی ڈرون طیارے کو مار گرانے سے عالمی سطح پر ایرانی قوم کی عزت و وقار میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
جنرل امیر حاتمی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران کا اسلامی جمہوری نظام اپنے قومی مفادات پر کوئی سودے بازی نہیں کر سکتا، کہا ہے کہ ایران کے دشمن ایرانی قوم کی مضبوط دفاعی طاقت سے آگاہ ہونے پر کوئی بھی فوجی کارروائی کرنے کی جرآت نہیں کر پا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے جمعرات کے روز اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے امریکی ڈرون " گلوبل ہاک "کو تباہ کر دیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا کہ ایران کے صوبہ ہرمزگان میں مبارک پہاڑ کے علاقہ میں امریکی جاسوس ڈرون گلوبل ہاک نے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جسے پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔