ایران یورپ کی مانند ہی قدم اٹھائے گا، سید عباس موسوی
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایٹمی معاہدے کے دائرے میں ایران کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر فرانسیسی دفتر خارجہ کے ترجمان کے بیان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اب ایٹمی معاہدے کے دائرے میں یورپ کی مانند ہی قدم اٹھائے گا۔
سید عباس موسوی نے فرانسیسی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک یورپ ایٹمی معاہدے پر کاربند رہے گا ایران بھی ایٹمی معاہدے پر عمل کرتا رہے گا اور ایران کی جانب سے کوئی بھی قدم اٹھائے جانے کا دار و مدار یورپ کی جانب سے عمل میں لائے جانے والے اقدام پر ہے۔
ایران کی جانب سے ایٹمی معاہدے کے دائرے میں اپنے بعض رضاکارانہ اقدامات پر دستبرداری پر فرانس کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس سے ایران کو کچھ حاصل نہیں ہو گا۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ یورپ کو چاہئے کہ ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے کے سلسلے میں ایران سے جو وعدے کئے ہیں ان کو پورا کرے تاکہ ایٹمی معاہدے کا تحفظ ہو سکے۔