Jul ۰۵, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۹ Asia/Tehran
  • امریکی حکام ایران کی دفاعی توانائیوں سے خوف زدہ ہیں، خطیب جمعہ تہران

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ امریکی حکام ایران کی دفاعی توانائیوں سے خوف زدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکیوں اور صیہونیوں نے کوئی بھی غلطی یا حماقت کی تو خلیج فارس کو ان کا قبرستان بنا دیا جائے گا۔

تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ موحدی کرمانی نے اس ہفتے نماز جمعہ کے خطبے میں امریکی صدر کے اس بیان پر کہ انہوں نے  ایران پر حملے کا ارادہ کیوں ترک کر دیا ہے، اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام ایران کی فوجی اور دفاعی طاقت و توانائیوں سے خوف زدہ ہیں-

انہوں نے ایران کے مسافر طیارے پر امریکا کے بحری بیڑے وینسنس کے حملے اور دو سو نوے مسافروں کی شہادت کی برسی کی مناسبت سے کہا کہ امریکا نے انتہائی بے شرمی بے حیائی اور جان بوجھ کر یہ گھناؤنا جرم کیا تھا-

انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکی حکام وحشی اور درندہ صفت ہیں، کہا کہ ایرانی حکام دانشمندی، اخلاق اور انسانیت کے تقاضوں کے مطابق اپنی طاقت و عظمت کا دنیا کے سامنے جھوٹا اظہار کرتے ہیں-

  آیت اللہ موحدی کرمانی نے ایٹمی معاہدے کے مطابق ایران کی جانب سے اپنے افزودہ یورینیم کے ذخیرے کی مقدار میں اضافے کے فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو ایٹم بم کی ضرورت نہیں ہے اور ایران ایٹم بم بنانا حرام سمجھتا ہے-

تہران کے خطیب جمعہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران یورینیم کی افزودگی کی سطح کو خود معین کرتا ہے اور کرے گا، کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایٹمی معاہدے کے تعلق سے یورپی ملکوں کی وعدہ خلافیوں کے بعد اپنی ضرورت کے لئے جتنا ضروری سمجھے گا یورینیم کی افزودگی جاری رکھے گا-

تہران کے خطیب جمعہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ غاصب صیہونی شیشے کے مکان میں رہتے ہیں یعنی وہ بہت ہی کمزور پوزیشن میں ہیں، کہا کہ اگر امریکیوں اور صیہونیوں نے کوئی بھی حماقت کی تو ایران خلیج فارس کو ان کا قبرستان بنا دے گا-

تہران کی مرکزی نماز جمعہ میں شریک نمازیوں نے نماز سے پہلے امریکا مخالف نعرے لگا کر ایرانی عوام کے خلاف واشنگٹن کی مخاصمانہ پالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دشمنوں کی سازشوں کی ناکامی تک اپنی استقامت و پامردی پر زور دیا-

 

ٹیگس