Jul ۲۱, ۲۰۱۹ ۱۹:۵۱ Asia/Tehran
  • ایران کے ساتھ مشترکہ بینک کھولنے کی پاکستان و افغانستان کی خواہش

اقتصادی امور میں ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان و افغانستان ایران کے ساتھ مشترکہ بینک کھولے جانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

غلام رضا انصاری نے اتوار کے روز خارجہ تعلقات کی ہم آہنگ کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر کہا ہے کہ پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کی توسیع کے لئے ایران کی پالیسیوں کے پیش نظر اس اجلاس میں بینکنگ امور اور کسٹم ڈیوٹی جیسے مسائل کے بارے میں غور کیا گیا۔

اس اجلاس میں ایران کی وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے نمائندوں، مشرقی ایران کے مختلف صوبوں کے گورنر جنرلوں اور پاکستان و افغانستان میں ایران کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے ایران و پاکستان کے درمیان تجارتی لین دین میں ہونے والے بیس فیصد اضافے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک، تجارت کی شرح پانچ ارب ڈالر مالیت تک پہنچاہنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے میرجاوہ سے اغوا کئے جانے والے ایرانی سیکورٹی اہلکاروں کی صورت حال کے بارے میں بھی کہا کہ اب تک نو سیکورٹی اہلکار رہا ہو کر واپس ایران پہنچ چکے ہیں۔

ٹیگس