تیونسی صدر کے انتقال پر ایک ہفتے کا سوگ، ایران نے دی تعزیت
تیونس کے صدر کے انتقال کے بعد محمد الناصر تیونس کے عبوری صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے پیغام میں تیونس کے وزیر خارجہ خمیس الجهیناوی کو مخاطب کرتے ہوئے تیونس کے صدر باجی قائد السبسی کے انتقال پر تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ، حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران کی حکومت اورعوام مصیبت کی اس گھڑی میں تیونس کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔
تیونس کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الناصر نے تیونس کے صدر باجی قائد السبسی کے انتقال کے بعد تیونس کے عبوری صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔
تیونس کے بنیادی آئین کے مطابق صدر کے انتقال کے بعد پارلیمنٹ کے اسپیکر عبوری صدر کی حیثیت سے ملک کا نظام سنبھالتے ہیں۔
تیونس کے صدر قائد السبسی کے انتقال پر تیونس میں ایک ہفتہ تک عام سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
تیونس کے صدر کو حال ہی میں صحت خراب ہونے کی و جہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ان کا 92 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا۔