ایران کی موثر سفارتکاری پر پابندیوں کا کوئی اثر نہیں ہوگا ، شمخانی
Aug ۰۴, ۲۰۱۹ ۱۸:۵۱ Asia/Tehran
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ ایران کی موثر اور فعال سفارتکاری پر پابندیوں کا کوئی اثر نہیں ہوگا اور امریکا اوراس کے اتحادی ایران کی صدائے حقانیت دنیا والوں تک پہنچنے سے نہیں روک سکیں گے۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ امریکا کے ذریعے ایرانی وزیرخارجہ پرپابندی کے اعلان نے ثابت کردیا کہ امریکا کی زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے والی پالیسی یکسر ناکام ہوچکی ہے اور اب امریکی حکام کے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا ہے کہ وہ معاہدے اورایران کے قانونی حقوق کا احترام کریں ۔انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکا کی زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے والی پالیسی اسلامی جمہوری نظام کے اصل ارکان اور طاقت یعنی رہبرانقلاب اسلامی، عوام، سپاہ اور وزارت خارجہ کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکیوں نے ایران کے اقتدار کے ستونوں کو کمزور کرنے کی غرض سے پابندیوں کا سہارا لیا ہے۔ علی شمخانی نے کہا کہ ایرانی عوام کے جذبہ استقامت، ملکی معیشت میں بہتری، علاقائی اور عالمی سطح پر ایران کی موثر اور مقتدر سفارت کاری اور رہبرانقلاب اسلامی کے غیر متزلزل اور ٹھوس موقف نے ٹرمپ کو مایوس کرنے کے ساتھ ساتھ خود ان کے ہی اوپر داخلی اور عالمی حلقوں کے ذریعے دباؤ ڈالنے میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔