Aug ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۸:۵۴ Asia/Tehran
  • کشمیریوں کو اپنے قانونی حقوق سے استفادے کا حق حاصل ہے،  صدر حسن روحانی

صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے بےگناہ کشمیریوں کی جان و مال کے تحفظ اور بدامنی کی روک تھام کے لیے ہندوستان اور پاکستان دونوں سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔

تہران میں ایوان صدر کے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران، ہندوستان اور پاکستان دونوں سے اپیل کر تا ہے وہ بدامنی کی روک تھام اور بے گناہ کشمیریوں کو ہلاکت سے بچانے کے لیے صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔
صدر حسن روحانی نے برصغیر کے امن کو تہران کے لیے انتہائی  اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ اس خطے میں پائیدار امن کے قیام اور مسلمانوں کے حقوق  کی بازیابی کے لیے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان شروع ہی سے ایک دوسرے کے دوست، ہمسائے اور بھائی تھے اور آئندہ بھی رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران شروع ہی سے خطے میں کشیدگی اور بدامنی کی روک تھام کی کوشش کرتا آیا ہے۔صدر ایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ کشمیر کے مسلمانوں کو اپنے قانونی حقوق سے فائدہ اٹھانے اور پرامن زندگی بسر کرنے کا حق حاصل ہے - انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کو عسکری طریقے سے حل نہیں کیا جاسکتا بلکہ مسائل کو سفارتی طریقوں سے حل کیے جانے کی ضرورت ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر اسلام آباد اور تہران کے درمیان تعلقات کو دوستانہ اور بردارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام اور خطے کی بدامنی پر تشویش لاحق ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے اور عالم اسلام کے ایک اہم ملک کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل میں مثبت کردار ادا کرسکتا ہے۔

ٹیگس