Dec ۲۶, ۲۰۲۵ ۰۹:۵۶ Asia/Tehran
  • قاسم سلیمانی ایک سچے اور شجاع انسان اور ایک بڑے مفکر تھے: روسی صنعتکار اور مفکر

ایران کے سپاہ قدس کے کمانڈر، میجر جنرل شہید قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر روس صنعتکار اور مفکر دیمیتری مالیشف نے ایک خصوصی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے شہید قاسم سلیمانی سے 2015 سے 2017 کے بیچ ملاقاتوں کی یاد تازہ کی۔

سحرنیوز/دنیا:  ماسکو میں منعقدہ اس خصوص پروگرام میں دیمتری مالیشف نے جو اب روس کے سب سے بڑے جیولایجکل تحقیقاتی مرکز "روس جیولاجیا" کے سربراہ کے مشیر ہیں کہا کہ 2015 سے 2017 کے بیچ گازپروم کمپنی کی سرگرمیوں کے تحت جنرل قاسم سلیمانی سے آشنائی حاصل ہوئی اور ملاقات کا موقع ملا۔

انہوں نے ان ملاقاتوں کو اپنے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ ایام تھے جب جنرل سلیمانی مغربی ایشیا میں دہشت گردی کے مقابلے کی تحریک کی قیادت کر رہے تھے لہذا ان کے پاس وقت بہت کم ہوتا تھا۔

دیمیتری مالیشف نے بتایا کہ پہلی ہی ملاقات میں مجھے اندازہ ہوگیا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کتنے عظیم اور بے مثال انسان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید حاج قاسم سلیمانی کو باتوں اور عمل دونوں میں ایک شجاع اور سچا انسان پایا جو اپنے ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے قدم اٹھا رہے تھے اور ساتھ ساتھ ایک بڑے مفکر بھی تھے۔

مالیشف نے جنرل سلیمانی کی شہادت کو سب کے لیے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی شخصیت کا قتل یقینا کھلی دہشت گردی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ مذکورہ یادگار پروگرام میں روس کے متعدد مفکرین، سیاسی امور کے ماہرین اور دینی اور سماجی شخصیات نیز ماسکو میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر کاظم جلالی نے شرکت کی تھی۔

 ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

 

یاد رہے کہ امریکہ نے 3 جنوری سن 2020 کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے قدس بريگیڈ کے کمانڈر میجر جنرل شہید حاج قاسم سلیمانی کو بغداد میں ڈرون حملے کا نشانہ بنا کر شہید کردیا تھا۔

امریکی صدر ڈانلڈ ٹرمپ نے دیدہ دلیری کے ساتھ اس وحشیانہ حملے کی ذمہ داری قبول تھی۔

حاج قاسم سلیمانی کے ساتھ ان کے کئی ساتھیوں اور عراق کے حشد الشعبی کے سربراہ ابومہدی المہندس نے بھی جام شہادت نوش کیا۔

 

ٹیگس