آیت اللہ شیخ زکزکی سے آیت اللہ اراکی کی ٹیلی فون پر بات چیت
تقریب مذاہب اسلامی کی عالمی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی نے دہلی کے مدانتا اسپتال میں زیرعلاج نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے بانی آیت اللہ شیخ زکزکی کو ٹیلی فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔
تقریب مذاہب اسلامی کی عالمی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں شیخ زکزکی کی جسمانی حالت پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور تقریب مذاہب اسلامی کی عالمی اسمبلی آپ کے علاج و معالجے کے عمل میں مدد دینے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ آیت اللہ محسن اراکی کا کہنا ہے کہ شیخ ابراہیم کا حوصلہ بہت ہی بلند ہے۔ نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے بانی آیت اللہ شیخ زکزکی نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں اپنے سلسلے میں انجام پانے والی کوششوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی علاج و معالجے کا عمل پوری طرح سے شروع نہیں ہوا ہے۔ آیت اللہ شیخ زکزکی کو چار سال قبل نائیجیریا کی فوج نے شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا جس کے بعد جیل میں ان کی جسمانی حالت بے حد خراب ہوگئی اور پھر عدالت کے حکم پر انہیں علاج کے لئے ہندوستان جانے کی اجازت دی گئی۔ آیت اللہ زکزکی منگل کی شام اپنی اہلیہ کے ہمراہ، علاج کے لئے نئی دہلی پہنچے جہاں انہیں میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اسلامک ہیومن رائٹس کمیشن کے ترجمان نے بدھ کو ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا کہ اسپتال میں آیت اللہ زکزکی کے مختلف قسم کے ٹیسٹ انجام دیئے جارہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ آیت اللہ زکزکی کے علاج سے متعلق تمام امور کی ذمہ داری اسلامک ہیومن رائٹس کمیشن نے اپنے ذمے لی ہے۔ اس کمیشن کی ایک ٹیم بھی آیت اللہ زکزکی کے ہمراہ دہلی کے میدانتا اسپتال میں موجود ہے۔